ثریا بی بی ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب، حلف اٹھا لیا

 

تحریک انصاف کی حمایت سے پی کے 1 چترال سے منتخب ایم پی اے نے 87 ووٹ حاصل کیےپشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 فروری 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ رکن ثریا بی بی ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئیں اور انہوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے انتخابی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ووٹنگ کے عمل میں 106 اراکین نے حصہ لیا، جن میں سے پی کے 1 چترال سے منتخب ایم پی اے ثریا بی بی 87 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائیں جب کہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے رکن ارباب

وسیم 19 ووٹ حاصل کرسکے۔


قبل ازیں قائم مقام سپیکر مشتاق غنی نے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے پر نتائج کا اعلان کیا اور بتایا کہ صوبائی سپیکر کے انتخاب میں مجموعی طور پر 106 ووٹ کاسٹ ہوئے اور تمام ہی ووٹ درست قرار دیئے گئے جن میں سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار نے 89 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدقابل پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن احسان اللہ 17 ووٹ حاصل کرسکے، بعد ازاں قائم مقام سپیکر مشتاق غنی نے نو منتخب اسمبلی کے نئے سپیکر بابر سلیم سواتی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ روز نئی خیبرپختونخوا اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کا اغاز سپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا، جہاں اسمبلی میں شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کے لیے دعا بھی کی گئی، جس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھالیا، سپیکر مشتاق غنی نے اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔

بتایا جارہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی اسمبلی کا پہلا اجلاس تاخیر کا شکار ہوا، اسمبلی میں انتہائی رش کے باعث ممبران کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اسمبلی ہال میں 300 وزٹرز کی گنجائش ہے، 1800 سے زائد وزٹرز کو کارڈ جاری کیے گئے، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے اسمبلی ہال میں داخل ہونے کے لیے دھکم پیل کی گئی، اسمبلی میں نو منتخب ممبران کی آمد کے لیے گھنٹیاں بھی بجائی گئیں۔

Comments